|

وقتِ اشاعت :   September 2 – 2016

کوئٹہ: ایرانی سرحدی سیکورٹی فورسز نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں یکے بعد دیگرے بیس سے زائد مارٹر گولے داغے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی خلاف ورزی کا واقعہ گزشتہ شب پیش آیا۔ ایرانی بارڈر فورس نے یکے بعد دیگرے آٹھ مارٹرگولے داغے جو پاکستانی حدود کے گیارہ کلومیٹر اندر تحصیل پروم کے علاقے نکر کے قریب سرحدی گاؤں کلی حاجی کریم داد میں ویران مقام پر گرے۔ واقعہ کے بعد جب پاکستانی سرحدی فورس فرنٹیئر کور جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے پہنچی تو ایرانی فورسز کی جانب سے مزید پندرہ مارٹر گولے داغے ۔تاہم مارٹر گولوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ڈپٹی کمشنر پنجگور مجیب قمبرانی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایف سی ہیڈ کوارٹر سے باقاعدہ مراسلہ ملنے کے بعد ایرانی حکام سے سرحدی خلاف ورزی کے واقعہ پر احتجاج کیا جائیگا۔معاملے کو پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن میں بھی اٹھایا جائے گا۔