کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں کوئٹہ کے نواں کلی میں ایف سی کے میجر مقصود کی جانب سے پارٹی کے سینئر رکن حاجی محمد اکرم خلجی اور اس کے فرزند اسلم ایڈووکیٹ ، بزرگ شہری حاجی نور احمد ودیگر شہریوں کو بلاجواز گرفتار کرکے انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنانے اور پارٹی رہنماؤں اور دیگر سیاسی قائدین کے خلاف نازیبا غیر اخلاقی الفاظ استعمال کرنے کے عوام دشمن رویہ اور طرز عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ ، آئی جی ایف سی اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ میجر مقصود کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز شہرکے مختلف علاقوں اور بالخصوص نواں کلی چوک سے ایف سے کے میجر نے درجنوں مقامی پشتون شہریوں کو حبس بیجا میں رکھا جس کے خلاف عوام نے اپنے طور پر احتجاج کیا اس دوران پارٹی رہنماؤں نے وہاں پر موجود اہلکاروں سے بے گناہ شہریوں کو حبس بیجا میں رکھنے کی وجہ پوچھی تو ایف سی کے میجر مقصود نے ناروا طرز عمل کرتے ہوئے حاجی محمد اکرم خلجی اور اس کے فرزند اور دیگر بزرگ شہریوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور انھیں کئی گھنٹے حبس بیجا میں رکھا ۔ اس دوران میجر مقصود نے سیاسی رہنماؤں کے خلاف نازیاب الفاظ اور غلیظ گالیاں دی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کا طرز عمل ناقابل قبول ہے اوروفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی ایف سی اس واقعہ کا فوری طور پر نوٹس لیکر میجر مقصود کیخلاف کارروائی کرے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف سی اور پولیس نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص نواں کلی ، ہزار گنجی ، مشرقی ومغربی بائی پاس ، بلیلی چیک پوسٹ ، کوئلہ پھاٹک ، باچا خان چوک ودیگر مقامات پر افغا ن مہاجرین کے نام پر مقامی پشتون شہریوں کی تلاشی اور پوچھ گچھ کے نام پر تذلیل کررہی ہیں قومی شناختی کارڈ ہونے کے باوجود ایف سی اور پولیس ان سے ہزاروں روپے کی رشوت طلب کرتی ہے اور نہ دینے پر انہیں غیر قانونی طور پر حبس بیجا میں رکھ کر انھیں تشدد کا نشانہ بنارہی ہے ۔ شہریوں ، بزرگوں ، طلباء، ریڑھی بانوں اور مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں کو دن دہاڑے دھوپ میں بٹھا کر ان سے جنگی قیدیوں جیسا غیر اخلاقی اور غیر قانونی سوالات کرکے ان کے بے عزتی کررہی ہے ۔ ایف سی اورپولیس کی اس عوام دشمنی پر مبنی غیر قانونی اقدامات کے باعث ہمارے عوام میں سخت غم وغصہ پیدا ہورہا ہے جو کہ نیک شگون نہیں۔