|

وقتِ اشاعت :   September 5 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اپنے مینڈیٹ کے مطابق صوبائی حکومت کے امور کو کامیابی سے چلانے اور عام آدمی کی توقعات کے مطابق اپنے فرائض کی ادائیگی میں دن رات مصروف ہیں اور اس سلسلے میں چھٹی کے دنوں میں بھی وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں اپنے فرائض انجام دیتے رہتے ہیں ، اس دوران صوبائی حکومت کے مختلف محکموں کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے رکھتے ہوئے محکمہ جاتی کارکردگی کی ہر لحظہ نگرانی کر رہے ہیں، اتوار کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان نے لیویز فورس کی فعالی ، کوئٹہ شہر اور صوبے میں جاری صفائی مہم اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے اجلاسوں کی صدارت کی، لیویز فورس کی استعداد کار میں اضافہ اور اسے مزید فعال اور متحرک بنانے سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے لیویز فورس کے لیے جدید اسلحہ کی فراہمی، لیویز اہلکاروں کی تربیت اور مواصلاتی نظام کی فراہمی کے منصوبوں کی منظوری دی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد دادؤ بڑیچ، سیکریٹری داخلہ ڈاکٹر اکبر حریفال اور ڈی جی لیویز صالح ناصر اجلاس میں شریک تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ کو لیویز فورس کی ضروریات اور دیگر امور سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لیویز فورس کو اسلحہ ، تربیت اور مواصلاتی نظام کی فراہمی کے منصوبوں پر فوری طور پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ لیویز فورس میں انٹیلی جنس یونٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے، انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے لیویز فورس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور موجودہ صورتحال میں لیویز کو جدید خطوط پر استوار کرنا بے حد ضروری ہے، ایک اور اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات نے وزیراعلیٰ کو ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی فنڈز کے صحیح مصرف اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ حافظ عبدالماجد نے وزیراعلیٰ کو کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں جاری صفائی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صفائی مہم کو مزید موثر بنانے کے ساتھ ساتھ کوئٹہ اور دیگر شہروں میں عیدالاضحی کے دوران صفائی کے خصوصی انتظامات بھی کئے جائیں۔