کوئٹہ: کوئٹہ میں کانگو کے شبے میں مزید چار مریضوں کو اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔ تین ہفتوں کے دوران اسپتال میں داخل کئے گئے اکیس میں سے آٹھ مریضوں میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کوئٹہ ، پشین، ژوب اور مسلم باغ سے چار مریضوں کو شدید بخار،دید بخار، ناک اور منہ سے خون بہنے کی شکایت پر کوئٹہ کے فاطمہ جناح جنرل ایڈ چیسٹ اسپتال لایا گیا جہاں فوری طور پر ان کا علاج شروع کردیا گیا۔ مریضوں میں کوئٹہ کے علاقے رئیسانی روڈ کی رہائشی بتیس سالہ خاتون صائمہ ،ژوب کا رہائشی محمود خان، پشین کا رہائشی اجمل خان اور مسلم باغ سے تعلق رکھنے والا نصراللہ شامل ہیں جن کے خون کے نمونے ٹیسٹ کیلئے کراچی بجھوادیئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران کانگو وائرس کے شبے میں اکیس مریضوں کو کوئٹہ کے فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ اسپتال میں داخل کیا جاچکا ہے۔ خون کے نمونوں کے ٹیسٹ کے بعد آٹھ مریضوں میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جبکہ رواں سال اب تک ایک سو ایک افراد کو کانگو وائرس کے شبے میں اسپتال لایا گیا جن میں سے اٹھائیس افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ جبکہ جنوری سے اب تک مجموعی طور پر کانگو وائرس سے دس افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔اسپتال حکام نے بتایا کہ اس وقت اسپتال میں صرف چھ مریض رحمت اللہ، ذوالفقار، محمود خان، صائمہ، اجمل اور نصراللہ زیر علاج ہیں جن میں سے ذوالفقار کی حالت تشویشناک ہے ۔ باقی مریض علاج کے بعد صحتیاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔