|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے جعفر ایکسپریس بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس کاروائی میں قیمتی جانی نقصان پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ریلوے اسٹیشنوں ، بس اڈوں ،ریلوے ٹریک اور قومی شاہراہوں پر حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے اور سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی اور گشت میں اضافہ کیا جائے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گرد عام لوگوں اور کمزور اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں، لہذا عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ کے حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے، وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بچے کچھے دہشت گردوں کا مکمل طور پر صفایا کیا جائیگا، جس کے لیے انہوں نے پولیس ، لیویز اور ایف سی کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی بھرپور قوت استعمال میں لاتے ہوئے دہشت گردوں کا پیچھا جاری رکھیں اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کو نشان عبرت بنا دیں، انہوں نے ٹرین بم دھماکے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمارے لیے باعث حوصلہ ہے کہ ناصرف سیکورٹی فورسز بلکہ صوبے کے عوام بھی ہمت اور بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں ، دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ہم اپنے دکھ اور غم کو قوت میں بدل کر دہشت گردوں ، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے، وزیراعلیٰ نے چیف سیکریٹری بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ حفاظتی اقدامات کے باوجود دہشت گرد کس طرح بم دھماکہ کرنے میں کامیاب ہوئے، انہوں نے ریلوے حکام کو بھی ہدایت کی ہے کہ ریلوے اسٹیشنوں پر حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا جائے اور کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے شدید زخمیوں کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقلی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی اور متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن امداد و معاونت کی فراہمی کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے دھماکے کے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی ، تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے ، ورثاء کو صبر جمیل اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔