کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سبزل روڈ پر ایف سی اہلکاروں پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردی کی اس بہیمانہ کاروائی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل استعمال کرتے ہوئے نتیجہ خیز کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے حکومت اور سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔ ہم کل بھی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم تھے آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے عاشورہ محرم کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن برقرار رکھا جس کے رد عمل میں سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کو نشانہ بنایاگیا تاہم صوبے میں امن کے قیام کیلئے عوام کے تعاون اور حمایت سے حکومت اور سیکورٹی ادارے بھرپور اقدامات جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کرنے والے ایف سی اہلکارہمار افخر ہیں صوبے کے عوام انہیں سیلوٹ پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسزاپنے جانوں کے نذرانے دے کر عوام کے جان و مال کا تحفظ کررہی ہیں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد صوبے سے دہشگردی کا خاتمہ کرکے مکمل امن قائم کردیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا کرے۔