|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2016

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ (بی آئی ایس پی) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بنیادی مقاصد میں غربت میں کمی لانا، خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنا اور پرائمری سطح پر تعلیم کا فروغ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہا س پروگرام سے مستفید ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد ان نادار خواتین اور بچوں کی ہے جو غربت کی وجہ سے متوازن غذا اور زیور تعلیم سے محروم ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں بی آئی ایس پی سالانہ رپورٹ2016کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پی آئی ایس پی کی چےئرپرسن محترمہ ماروی میمن، سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزیر نواب ایاز خان نوگیزئی، رکن قومی اسمبلی نسیمہ پانیزئی ، رکن صوبائی اسمبلی سردار در محمد ناصر، افعانستان اور ایرانی قونصلیٹ کے نمائندوں کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گورنر نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے خطیر رقم مختص کرنا، وفاقی حکومت کے اس پروگرام میں گہری دلچسپی کا عکاس ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے غربت اور ناخواندگی کے خاتمے کا عزم کررکھا ہے اور اس پروگرام کے ذریعے مستحقین کو ماہانہ رقوم میں اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ اس پروگرام کے تحت پرائمری سطح پرغریب طلباء کو تعلیم کے حصول میں وسیلہ تعلیم کے ذریعے مدد فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ گورنر نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی مالی امداد سے نہ صرف خواتین میں خود انحصاری کا جذبہ پیدا ہوگا بلکہ اس سے وہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں متحرک کردار ادا کرنے کے قابل ہوں گی۔ گورنر نے چےئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کی کاوشوں اور جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ بی آئی ایس پی سے متعلق بلوچستان کے عوام اور منتخب نمائندوں کی شکایات کے ازالے کیلئے اقدامات کے علاوہ اس پروگرام کے دیگر مسائل کو بھی حل کریں گی۔ گورنر نے چےئرپرسن پر زور دیا کہ بلوچستان کی پوری آبادی دیگر صوبوں کے ایک ضلع کے برابر ہے اور ماضی میں یہ آبادی پسماندگی اور محروم کا شکاری رہی لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ اس پروگرام کو پورے صوبے تک وسعت دی جائے گورنر نے کہا کہ تعلیم ہی کے ذریعے تمام سماجی ناہمواریوں کو ہموار کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بی آئی ایس پی کی انتظامیہ محنت و دیانتداری سے تمام صرورت مند خواتین اور بچوں کو اس پروگرام سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چےئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے پروگرام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی نہ صرف بلوچستان سے متعلق پروگرام کے حوالے سے شکایت کا ازالہ کیا جائے گا بلکہ نئے سروے میں مستحق خواتین کی معاسی مدد ، روزگار کی فراہمی اور بچوں کو تعلیم اور تحصیل کی سطح پر نئے دفاتر کا قیام عمل میں لایا اجائے گا۔ تقریب کے آخر میں بلوچستان کے مختلف اضلاع آنے والی مستحق خواتین میں پی آئی ایس پی پروگرام کے تحت سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔