کوئٹہ: مستونگ کے علاقے میں تیز رفتار مزدا ٹرک اورکار میں تصادم کے نتیجے میں میونسپل کمیٹی قلات کے چیئرمین سمیت6افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیویز کے مطابق اتوار کی رات مستونگ کے علاقے دشت گونڈین میں تیز رفتار مزدا ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں میونسپل کمیٹی قلات کے چیئرمین احمدنواز ، گن مین مسعود الرحمن ،10سالہ بچہ شاہ ولد آغا نور شاہ ،کونسلر نجیب اللہ ، کونسلر منیراحمد شادیزئی او ر کونسلر فیض محمد ہلاک ہوگئے ۔لیویز نے نعشیں قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیں اور مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مستونگ ٹریفک حادثے میں چیئرمین میونسپل کمیٹی قلات محمد نواز شاہوانی اور انکے دیگر ساتھیوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ اس لمناک واقع پر مرحومین کے لواحقین کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کواپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کی بھر پور معاونت کی ہدایت کی ہے ۔