|

وقتِ اشاعت :   October 24 – 2016

گوادر: وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے گوادر پورٹ کا دورہ کیا، چیئرمین گوادر پورٹ نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی ، وفاقی وزیر نے ایک ہفتہ بعد جی پی اے ملازمین سے ملاقات کرنے کااعلان کیا، تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے گوادر پورٹ ایریا پر جاری مختلف منصوبوں کی تعمیرات کا جائزہ لیا، جس میں گوادر فری زون ، گوادر پورٹ، الائیڈ اسٹکچر بزنس کمپلیکس اور چائنیز کی رہائشی اسکیم کے جاری تعمیراتی کام شامل ہیں، وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو گوادر پورٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس پہنے تو گوادر پورٹ اتھارٹی کے افسران نے ان کا استقبال کیا، وفاقی وزیر نے گوادر پورٹ اتھارٹی ہیڈ آ فس میں قائم جی پی اے آڈیٹوریم ہال ایکسپریس وے کے پروجیکٹ آفس کا فیتا کاٹ کر افتتاح کیا، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی میر دوستین خان جمالدینی نے وفاقی وزیر کو جی پی اے ہیڈ آفس میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے بارے میں مفصل اور تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو نے ہدایت جاری کی کہ آئندہ گوادر پورٹ اتھارٹی کے بورڈ میں کوئٹہ چیمبرآف کامرس کے بجائے گودر چیمبر آف کامرس کو ممبر شپ دی جائے، انہوں نے کہا کہ سی پیک کی روٹ رواں سال کے نومبر کے مہینے میں مکمل ہونیوالی ہے، جس کے نتیجے میں گوادر ملکی اور غیر ملکی شہروں سے منسلک ہو جائے گی، ماہی گیروں کے خدشات دور کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کے مسائل سے آگاہ ہیں، جی پی اے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جی پی اے ملازمین بہت جلد اچھی خوشخبری سنیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد ملازمین سے ملاقات کر نے کیلئے ایک ہفتہ کے بعد گوادر آئیں گے اور ملازمین کے ساتھ مل کر مسائل کو حل کرانے کی کوشش کرینگے