|

وقتِ اشاعت :   October 25 – 2016

کوئٹہ: پولیس ٹریننگ سینٹر کے شہدا کی نما زجنازہ ادا کردی گئی ہے جس کے بعد شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیئے گئے ہیں۔ کوئٹہ میں گزشتہ رات پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے میں جاں بحق اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، کمانڈر سدرن کمانڈ ، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی، وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری اور وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا ہے جہاں انہیں پوری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ دہشتگردی کی اس واردات میں کوئٹہ کے علاوہ پنجگور، گوادر، پسنی، لورالائی، چمن اور قلعہ عبداللہ سے تعلق رکھنے والے زیر تربیت اہلکار بھی شہید ہوئے ہیں۔