|

وقتِ اشاعت :   October 29 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران تین دہشتگردوں کو کو ہلاک کردیا۔ بارکھان اور ڈیرہ بگٹی میں بھی دہشتگردی کے منصوبے ناکام بناکر بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ و بارودبرآمد کرلیا گیا۔ترجمان ایف سی کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان نے قلات کے پہاڑی علاقے پارود اور سمالو میں کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایف سی اور حساس ادارے نے سرچ آپریشن کیاجس کے دوران سینکڑوں اہلکاروں نے حصہ لیا۔ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ۔کالعدم تنظیم کے تین کیمپوں کومسمار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ دوسری جانب ضلع بارکھان کے علاقے دولواحی میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور گررا کی پہاڑی کے قریب اسلحہ کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق برآمد گئے اسلحہ میں چھ عدد مارٹر گولے ، چار بارودی سرنگیں، تین عدد دیسی ساختہ بم، سینکڑوں گولیاں ،وائر لیس سیٹ ، ڈیٹونیٹر، ریموٹ کنٹرول سمیت بم بنانے والے آلات شامل ہیں۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے حمزانی گوٹھ میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے کارروائی کے دوران دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا اور 12کلو دھماکا خیز مواد، دو سو گرام اعلیٰ کوالٹی کا دھماکا خیز ماد، دو عدد ڈیٹونیٹر ، پریشر بٹن ایک بیٹری ، نٹ بولٹ شامل ہیں،بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں باوردی سرنگ دھماکے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ بگٹی شہر سے تقریباً ایک کلو میٹر دوروڈیرہ دین محمد کی رہائشگاہ کے قریب ایک ٹریکٹرنامعلوم افراد کی جانب سے کچے راستے پر بچھائی گئی بارودی سرنگ پر چڑھ گیا جس سے دھماکا ہوا اور تین افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ٹریکٹر ڈرائیور جمال خان ولد جلال خان نوسانی بگٹی ،مداد ولد حضور بخش بگٹی اوربرکت ولد پنرانی خان بگٹی شامل ہیں ۔ تینوں ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ٹریکٹر ڈرائیور جمال خان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد رحیم یار یار کے شیخ زید اسپتال منتقل کردیاگیا،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے قلات اور کوئٹہ میں ایف سی ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ نہتے شہریوں اور سیکورٹی فورسز کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ سیکورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھیں گی۔