کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کچھی (بولان) میں لیویز اور ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانے نذر آتش کردیئے۔ تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق ڈھاڈر کے قریب کٹن چتری کے مقام پر بدنام زمانہ راہو گینگ کے انتہائی مطلوب ملزم راحب علی عرف راہو اور اشتہاری ملزم محمد حنیف کی گرفتاری کیلئے ان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے تاہم دونوں ملزمان گھروں پر موجود نہیں تھے جس پر دونوں ملزمان کے گھروں کو نذر آتش کردیا گیا۔ کارروائی کے دوران تین مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جن سے تین کلاشنکوف ، دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔