کوئٹہ: بلوچستان کی مختلف جیلوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔ اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی۔ محکمہ جیل کے ذرائع کے مطابق سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ، گڈانی، مچھ اور خضدار میں واقع جیلوں میں سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ پولیس، بلوچستان کانسٹیبلری، انٹی ٹیررسٹ فورس اور آر آر جی فورس کے اضافی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ جدید آلات کی تنصیب کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پولیس، ایف سی اور محکمہ داخلہ کے حکام نے مختلف جیلوں کا دورہ کیا۔ محکمہ جیل کی جانب سے محکمہ داخلہ بلوچستان کو ایک مراسلہ بھی ارسا ل کیا گیا ہے جس میں جیلوں کی سیکورٹی بہتر بنانے کیلئے 20کروڑ روپے کی لاگت سے آلات کی خریداری کی درخواست کی گئی ہے ۔ دریں اثناء بلوچستان میں دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس برائے کاؤنٹر ٹیررازم کمانڈ ( سی ٹی سی) محمد ایوب قریشی کی جانب سے کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری، ڈی آئی جی کوئٹہ ، ڈی آئی جی سپیشل ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ، کمانڈنٹ اے ٹی ایف ٹریننگ سکول ، کمانڈنٹ پی ٹی سی ،نصیرآباد، ژوب، گوادر، کالات کے ڈی آئی جیز اور ایس پی اے ٹی ایف کو لکھے گئے مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ دہشتگرد بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے دہشتگرد حملہ کرسکتے ہیں جس کے بعد مزید دو خودکش حملہ آور وں کے حملوں کا بھی خطرہ ہے۔ یہ حملے پولیس ٹریننگ کالج پر ہونیوالے حملوں کی طرح ہوسکتے ہیں ۔ اس بار ایف سی اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ٹریننگ کیمپس اور سینٹرز کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے ۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس خطرے کے پیش نظر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے تاکہ دہشتگردی کے اس طرز کی کوشش کو ناکام بنایا جاسکے۔