کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب میں بارودی سرنگ دھماکے میں ایف سی کے تین اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ زیارت میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بناکر چھ بم ناکارہ بنادیئے گئے۔ ایف سی ذرائع کے مطابق ژوب میں پاک افغان سرحدی علاقے منزکی میں نامعلوم افراد کی جانب سے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایف سی کے تین اہلکار سپاہی جمیل، ناصر اسلم اور نصیب زخمی ہوگئے۔ ایف سی پانی لیکر چیک پوسٹ کی طرف واپس آرہے تھے۔ دھماکے کے بعد نامعلوم حملہ آوروں نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی۔ دوسری جانب ضلع زیارت کی تحصیل سنجاوی کے پہاڑی علاقے اغبرگ میں ایف سی نے کارروائی کی جس کے دوران چھ تیار شدہ دیسی ساختہ بم برآمد کرلئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی اہلکاروں نے برآمد ہونیوالے بم ناکارہ بنادیئے۔