|

وقتِ اشاعت :   November 12 – 2016

کوئٹہ: پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت چین سے تجارتی سامان لیکر پہلا قافلہ گوادر پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق چینی برآمدی سامان گوادر پورٹ کے ذریعے افریقی اور مشرقی وسطیٰ کو برآمد کیا جائے گا۔ کاشغر سے تقریباً دو سو کنٹینر پر مشتمل قافلہ گزشتہ ہفتے کاشغر سے تجارتی سامان لے کر پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ سے گوادر کی طرف روانہ ہوا تھا ۔ 75کنٹینر پر قافلے کا پہلا حصہ جمعہ کی صبح گوادر پہنچا جبکہ قافلے کا دوسرا حصہ بھی ہفتہ کی صبح تک گوادر پہنچ جائے گا۔ گلگت بلتستان اور ملک کے مختلف شہروں سے گزرنے کے بعد قافلہ ڈیرہ اسماعیل خان، ژوب، قلعہ سیف اللہ، پشین ، کوئٹہ، مستونگ ، قلات ، پنجگور اور تربت سے لیکر گوادر پہنچنے تک پورے راستے میں قافلے کو سخت سیکورٹی فراہم کی گئی۔ گوادر پورٹ سے پہلے تجارتی قافلے کی روانگی کے موقع پر 13نومبر اتوار کو گوادر میں تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں وزیراعظم میاں نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی شرکت کرینگے۔