|

وقتِ اشاعت :   November 14 – 2016

کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے قائم مقام صوبائی گورنر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھال لی۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کے دورہ چین پر روانہ ہونے کے باعث راحیلہ درانی نے قائم مقام گورنر کا عہدہ سنبھالا۔ گورنر محمد خان اچکزئی چین کی حکومت کی دعوت پر روانہ ہوئے، جہاں وہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ راحیلہ درانی گورنر محمد خان اچکزئی کے بیرون ملک قیام کے دوران 24 نومبر تک عہدے پر فائز رہیں گی۔ وہ گورنر بلوچستان کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ قائم مقام گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد راحیلہ درانی نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی پہلی خاتون گورنر بننا میرے لیے فخر کی بات ہے۔ واضح رہے کہ حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی راحیلہ حمید خان درانی دسمبر 2015 میں بلامقابلہ بلوچستان اسمبلی کی پہلی خاتون اسپیکر منتخب ہوئی تھیں۔ وہ بلوچستان اسمبلی کی منتخب ہونے والی 14ویں اسپیکر ہیں۔ اسپیکر کا حلف اٹھانے کے بعد راحیلہ حمید خان درانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں خواتین کو بہت زیادہ عزت دی جاتی ہے اور صوبائی اسمبلی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کو برابری اور احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ راحیلہ درانی صوبے کے مستحق اور بے سہارا لوگوں کے لیے عطیات و خیرات کے لیے بھی کافی مشہور ہیں۔