کراچی :وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں سانحہ درگاہ شاہ نورانی کی تحقیقات کیلئے ڈپٹی کمشنر خضدار کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اجلاس میں شریک تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے دورہ درگاہ شاہ نورانی کی رپورٹ پیش کی اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پنجاب سے فارنزک ٹیم بلوائی جائے گی جو درگاہ میں ہونے والی دہشتگردی کے واقعہ کے تمام شواہد اکٹھا کرے گی جنہیں واقعہ کی تحقیقات کیلئے بروئے کار لایا جائے گا اجلاس میں صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو درگاہوں اور مزارات کی مؤثر سیکورٹی کیلئے فوری طور پر جامع اقدامات کرنے کی ہدایات کی گئی اور فیصلہ کیاگیا کہ جلد ڈویژنل کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں اور ڈی آئی جیز کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی بہتری کیلئے لائحہ عمل دیا جائے گا اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سانحہ درگاہ شاہ نورانی کے زخمیوں کو کراچی کے ہسپتالوں میں علاج و معالجہ کی سہولیات کی فراہمی پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر صحت سندھ اور سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔