کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایف سی کا نائب صوبیدار زخمی ہوگیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ایف سی 125ونگ اور سپیشل آپریشن ونگ کا قافلہ دشت زرین بگ کے علاقے جان محمد بازار سے گزر رہا تھاکہ نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نائب صوبیدار غلام محمد زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔زخمی کو بائیں کندھے پر گولی لگی جسے زرین بگ چیک پوسٹ پر ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد ایف سی اہلکاروں نے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دریں اثناء ڈیرہ بگٹی میں ایف سی اور حساس ادارے نے سرچ آپریشن کے دوران دو افراد کو ہلاک کردیا ۔ جبکہ سوئی میں سڑک کنارے بم ناکارہ بنادیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ڈیرہ بگٹی سے تقریباً28کلو میٹر دور ڈوئی وڈ اور پتھر نالہ میں ایف سی اور حساس ادارے نے کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کے افرادکی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد مارے گئے ۔ ترجمان کے مطابق ہلاک افرادکا تعلق کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی سیکورٹی فورسز پر حملوں گیس پائپ لائن تباہ کرنے اور دیگر تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت نور احمد ولد گمن نوتانی بگٹی سکنہ پیر کوہ ڈیرہ بگٹی اور شف چراغ ولد احمد علی بگٹی سکنہ چبدر ڈیرہ بگٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔