کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایف سی اور ٹریفک پولیس کے چار اہلکار جاں بحق جبکہ ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہفتہ کی شام تقریباً ساڑھے چھ بجے کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر یٹ روڈ کارنر پر پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ناکے پر تعینات ایف سی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے وقت ٹریفک پولیس کا ایک سپاہی بھی وہاں موجود تھا۔ دہشتگردوں نے انہیں بھی گولیوں کا نشانہ بنایا۔ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کا نائیک محمد یونس اور ٹریفک پولیس کا سپاہی شاہ ولی ولد غلام نبی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو ایف سی اہلکار احمد نواز اور محمد علی زخمی ہوگئے۔ ایک راہ گیر گل احمد ولد حاجی محمد خلجی سکنہ عبدالولی چوک بھی فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فائرنگ سے شہریوں میں شدید خوف و ہرا س پھیل گیااور بھگدڑ مچ گئی۔تاہم کچھ دیر بعد شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ایمبولنسز کے پہنچنے سے پہلے ہی زخمیوں کو ہاتھوں میں اٹھا کر اور موٹر سائیکل پر سول اسپتال پہنچایا۔ سول اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں سینئر ڈاکٹرز اور دیگر عملہ موجود تھا۔ دونوں زخمی ایف سی اہلکار آپریشن تھیٹر میں دوران علاج چل بسے۔ اس طرح جاں بحق اہلکاروں کی تعداد چار ہوگئی۔ جاں بحق ہونیوالوں میں تین ایف سی اہلکار اور ایک ٹریفک پولیس اہلکار شامل ہے۔ جبکہ زخمی راہ گیر گل احمد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اہلکاروں کو سروں اور سینے میں گولیاں ماری گئیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔ دوسری جانب پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے واقعہ کے فوری بعد شہر بھر کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا ہے کہ حملہ آور دوموٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انہوں نے پستول سے فائرنگ کی۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے انیس خول ملے ہیں ۔ یہی ہتھیار اس سے قبل ٹارگٹ کلنگ کی دیگر وارداتوں میں بھی استعمال ہوا ہے۔ واقعہ کے بعد ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبدالرزاق چیمہ، ایف سی کے اعلیٰ افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ حملہ آوروں کے بارے میں ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ وہ موٹر سائیکلوں پر سوار تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ نشانہ بننے والے ایف سی اہلکار علاقے میں پیدل گشت کرنے کے ساتھ ساتھ جائے وقوعہ پر بنی چوکی پر بھی ڈیوٹی دیتے تھے اور ٹریفک کو رواں رکنے میں بھی چوک پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کی مدد کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ رات کے وقت موقع سے شواہد اکٹھے کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ ہم نے جائے وقوعہ کو محفوظ کرلیا ہے ۔ دن کی روشنی میں یہاں سے مزید شواہدا کٹھے کئے جائیں گے۔ ایف سی حکام کے مطابق جاں بحق ایف سی اہلکاروں میں نائیک یوسف کا تعلق غزہ بند اسکاؤٹس64ونگ،سپاہی محمد علی کا تعلق ایف سی غزہ بند اسکاؤٹس62ونگ جبکہ ایف سپاہی احمد نواز کا تعلق ایف سی پنجگور رائفلز 108ونگ سے تھا۔ تینوں کی لاشیں نماز جنازہ کے بعد آبائی علاقوں کیلئے روانہ کردی گئیں۔