|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ سے ملحقہ دشت میں ایف سی اور حساس ادارے نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ مشترکہ کارروائی کے دوران چار خودکش جیکٹ،25کلو بارودی مواد، آٹھ دستی بم، تین کلاشنکوف اور چار پستول سمیت بڑی تعدادمیں اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی سے ملحقہ ملحقہ دشت کے علاقے کلی زرین آباد میں کارروائی کی جس کے دوران ایک کمپاؤنڈ سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسلحہ اور بارودی مواد پلاسٹک کے دو بڑے ڈرموں میں زمین میں دفنا کر چھپایا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بارودی مواد کو ناکارہ بنادیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحہ میں چار عدد خودکش جیکٹ اسٹیل پلیٹ کے تیار کردہ ،8عدد چھوٹے بڑے ساخت کے دستی بم، تیس کلو گرام بم دھماکوں میں استعمال ہونے والا سفید کیمیکل پاؤڈر ،تین عدد کلاشنکوف بمعہ تین عدد زندہ میگزین ،چار عدد مختلف بور کے پستول ،408 عدد مقامی ساختہ ڈیٹونیٹر ،8 عدد 12 وولٹ کی بیٹریاں،208 عدد نان الیکٹرک ڈیٹونیٹر ز،دو عدد ٹائم پنسل بمعہ ڈیٹونیٹر،15کلو گرام سٹیل کے چھرے ،35 عدد ریموٹ کنٹرول ریسور،7عدد ریموٹ کنٹرول ،3عدد خودکش جیکٹ میں استعمال ہونے والی اسٹیل چھرے کے سانچھے ،2عدد پرائما کارڈ ہائی ایکپسپوزیو ،دو عدد آئی ای ڈی کے مین چارج پانچ کلو گرام ،دو عدد چھوٹی بوتلیں کیمیکل ،ایک عدد خنجر،ایک عدد مسکچر مشین بارود مکس کرنے کیلئے ،ایک عدد الیکٹرک ترازوشامل ہیں ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم داعش کا جھنڈا بھی برآمد کیا گیاتاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی،کوئٹہ فرنٹیئرکور بلوچستان اورحساس ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے بلنگور کے علاقے میں کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں 6مشتبہ افراد کوگرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ۔ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئرکور بلوچستان اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے بلنگور میں جان محمدبازار میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں 6مشتبہ افراد کوگرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔