کوئٹہ: سیکورٹی فورسز اور حساس ادارے کی کوئٹہ پشین اور خضدار میں کارروائیاں ، کالعدم تنظیموں کے تین ارکان گرفتار اسلحہ برآمد، گرفتار افراد کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے، تینوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا، نوشکی میں فائرنگ ایک شخص زخمی ہوگیا، کیچ سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ، شناخت کرلی گئی ، تفصیلات کے مطابق ایف سی اور حساس ادارے نے کوئٹہ، پشین اور خضدار میں مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں کے تین ارکان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کلی جیو میں ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران کالعدم تنظیم کے کارندے کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح خضدارکی تحصیل وڈھ میں قومی شاہراہ پر ایک ہوٹل سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جو کالعدم تنظیم کا رکن تھا۔ ملزم کے قبضے سے چار مارٹر گولے ،مارٹر ٹرائی پوڈ اور فیوز برآمد کئے گئے۔ ایک اور کارروائی پشین بازار میں کی گئی جہاں سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا۔ تینوں ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے ان سے تفتیش شروع کردی گئی،نوشکی کے علاقے کلی مینگل کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے محراب خان ولد نذیر احمد بادینی شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ زخمی کو ایک گولی کندھے پر لگی ہے جبکہ شارٹ گن فائر سے ٹانگ میں بھی چھرے لگے ہیں،کیچ کی تحصیل مند کے علاقے بلو میں مندیک نالہ سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ مقتولین کی شناخت گوبرد مند کے رہائشی حماد ولد مراد اور داد محمد ولد شاہ داد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ لیویز نے لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیں ۔لیویز کے مطابق دوہرے قتل کے واقعہ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔