کوئٹہ: بلوچستان کے ساحلی علاقے جیونی کے بارہ ماہی گیروں کو ایرانی فورسز نے پانچ کشتیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر گوادر طفیل بلوچ نے واقعہ کی تصدیق کی اور بتایا کہ ایرانی سمندری حدود میں داخل ہونے پر بارہ پاکستانی ماہی گیروں کو حراست میں لیا گیا ہے جن کا تعلق جیونی سے ہے۔ جبکہ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستانی ماہی گیر پانچ کشتیوں میں گہرے سمندر میں مچھلیوں کا شکار کررہے تھے اس دوران ایرانی سمندری حدود کے قریب ایرانی گجر فورس نے انہیں تحویل میں لے لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں طاہر ولد داد کریم سکنہ کوہ سر بازار جیوانی کی کشتی کے چار ماہی گیر، محمد نور نوئیدا کشتی کے دو ماہی گیر ، موبل بنگالی اوربابل نامی کشتی کے تین ماہی گیر شامل ہیں۔