کوئٹہ:بلوچستان کے پاک افغان سرحد ی شہر چمن میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو ایف سی اہلکارزخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق چمن کے علاقے بوغرہ روڈ پر کلی حبیب خان کے قریب پل کے نیچے نصب بم کا دھماکا اس وقت ہوا جب وہاں سے ایف سی کا قافلہ گزررہا تھا۔دھماکے کے نتیجے میں ایک بائیس سالہ موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق جبکہ دو ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے ۔ دھماکے سے ایک موٹر سائیکل، ایک گاڑی اور ایف سی کے ٹرک کے علاوہ پل کو بھی نقصان پہنچا ۔لاش اور زخمی ایف سی اہلکار نائیک شہزاد اور سپاہی جاوید الیاس کو طبی امدا دکیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔لاش کی شناخت بعد ازاں چمن کے علاقے کلی میر علیزئی کے رہائشی صلاح الدین ولد اختر محمد نورزئی کے نام سے ہوگئی۔ واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول بم کا تھا جس میں پانچ سے چھ کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔