|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2016

کوئٹہ: صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات وگوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے گوادر کا دورہ کیا ان کے ہمراہ ڈاکٹر شعیب گولہ چےئرمین بلوچستان ڈولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر اہلکاران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر نے گوادر نے ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعمیر شدہ مختلف پراجیکٹس کا معائنہ کیا اور تمام ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے میرین ڈرائیو ، ائرپورٹ رود، جی ڈی اے پارک میں موجود ٹریٹمنٹ پلانٹ، جی ڈی اے سکول و ہسپتال، جی آئی ٹی ، صوبائی و ضلعی دفاتراور پیچکان ماہی گیری جیٹی اور سواڈ ڈیم واٹر سپلائی سکیم کا بھی جائزہ لیا جن میں بیشتر منصوبے مکمل ہوچکے ہیں اور چند ایک تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ ڈاکٹر حامد اچکزئی کواس موقع پر تمام پراجیکٹس کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیاگیا۔ دورے کے دورن صوبائی وزیر کے ہمراہ ڈاکٹر سجاد حسین ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے ، رفیق بلوچ ، چیف انجینئر منیر احمد اور ڈائریکٹر ٹاون پلاننگ امان آسکانی پراجیکٹ ڈائریکٹر اور جی ڈی اے کے دیگر ماہرین اورآفیسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ان پراجیکٹس پر جی ڈی اے اور ان کے ماہرین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے گوادر کی ترقی اور اس شہر کو سمارٹ پورٹ سٹی بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کی بنیاد پر وہ تعریف کے مستحق ہیں۔ ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا کہ گوادر کے مقامی لوگوں کو بھی ان منصوبوں سے فائدہ پہنچایا جائے انہوں نے اس موقع پر جی ڈی اے کو تاکید کی کہ وہ مقامی لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات بشمول پانی، بجلی،سیوریج، تعلیم و صحت ،خصوصاً شہری ترقی کے فوائد بہم پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور گوادر ایک ہیں گوادر کو صوبے کا حصہ ہونے کے ناطے بلوچستان میں بسنے والے تمام بلوچ ، پشتون اور دیگر اقوام کو سی پیک کی سہولیات سے مستفید کیا جائے ۔بالخصوص ریلوے روڈ، موٹر وے،انڈسٹریل زون اور بزنس پارک میں ان کو خاص حصہ دیا جائے اور یہ تمام سہولیات مغربی روٹ کے مکمل ہونے پر ہی مہیا کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مغربی روٹ کو بھی جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ صوبے کے عوام بھی ترقی کے دائرے میں شامل ہوسکیں۔