|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2016

کوئٹہ :ضلع گوادر کے علا قے پسنی میں چینی کمپنی کی گاڑی پر حملہ دو نجی سیکو رٹی گارڈ ہلا ک حملہ آور گا ڑی اور اسلحہ بھی لے گئے مستو نگ میں فورسز کی کا روائی میں دوعسکر یت پسند ہلا ک ایک کو گر فتار کرلیا جبکہ نصیر آباد اور بختیا ر آبا د میں با رو دی سرنگو ں کے دھما کو ں ایک شخص جا ں بحق دو سرا زخمی ہو گیا بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں نامعلوم مسلح افراد نے تیل و گیس تلاش کرنے والی چینی کمپنی کی گاڑی پر حملہ کرکے دو نجی سیکورٹی اہلکاروں کو قتل کردیا ۔ حملہ آور مقتول اہلکاروں کا اسلحہ اور گاڑی بھی چھین کر لے گئے ۔ سیکورٹی حکام کے مطابق تیل و گیس تلاش کرنے والی چینی کمپنی سی جی ای کے چار اہلکار تین ڈرائیوروں اور تین نجی محافظوں کے ہمراہ تین گاڑیوں میں سروے کیلئے جارہے تھے۔ تحصیل پسنی میں کوسٹل ہائی وے سے تقریباًسو کلو میٹر دور ڈنڈو کلانچ کے مقام پر چار نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ایک ڈبل کیبن گاڑی پر حملہ کردیا جس میں دو نجی محافظ اور ایک ڈرائیور موجود تھا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں محافظ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ مقامی ڈرائیور کو حملہ آور یرغمال بناکر گاڑی اپنے ہمراہ لے گئے اور کچھ فاصلے پر ہاتھ پاؤں باندھنے کے بعد چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ حملہ آور اپنے ساتھ چینی کمپنی کی جانب سے مقامی افراد سے حاصل کی گئی ڈبل کیبن گاڑی اور مقتول اہلکاروں کے دو سب مشین گنز بھی اپنے ساتھ لے گئے ۔ مقتولین میں پنجاب کے ضلع سیالکوٹ کا رہائشی اسلم اور خیبر پشتونخوا کے ضلع صوابی کا رہائشی طارق شامل ہیں۔ دونوں پاک فوج کے ریٹائرڈ اہلکار بتائے جاتے ہیں جو نجی سیکورٹی کمپنی عسکری کے ملازم تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تالار کیمپ سے کوئیک رسپانس فورس موقع پر پہنچ گئیں جبکہ سیکورٹی اداروں کے تین ٹیموں نے کلانچ ، شادی کور اور ایم ایٹ شاہراہ کی جانب جانے والے راستوں کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ۔ مقتول اہلکاروں کی لاشیں پراجیکٹ بیس کیمپ نیلنٹ پہنچائی گئیں ۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق چینی کمپنی کو واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ اس علاقے میں خطرات موجود ہیں اور سروے کا کام سخت سیکورٹی انتظامات کے بغیر نہ کیا جائے لیکن چینی کمپنی نے ہدایات کی خلاف ورزی کی ۔ کمپنی کو یہ بھی ہدایت کی گئی تھی کہ دس سیکورٹی اہلکاروں کے بغیر کوئی قافلہ حساس علاقے میں نہ بھیجا جائے لیکن حملے کے وقت قافلے کے ہمراہ صرف تین سیکورٹی گارڈز تھے۔ مقتولین کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں ،علا وہ ازیں کوئٹہ مستونگ میں ایف سی اور حساس ادارے نے سرچ آپریشن کے دوران دو دہشتگردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کانک میں حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر ایف سی کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا جس کے دوران اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد مارے گئے ۔ ایک اور کارروائی مستونگ کے علاقے عزیز آباد میں کی گئی جہاں ایک گھر سے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ کارروائی کے دوران اسلحہ ، دو موٹر سائیکلیں اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔ ہلاک ہونیو الے دہشتگردوں کی شناخت نہیں ہوسکی،در یں اثناء کوئٹہ نصیرآباد اور بختیار آباد میں بارودی سرنگ دھماکوں میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ضلع نصیرآباد کی تحصیل چھتر کے علاقے فلیجی میں حفیظ اللہ ولد گہرام خان اپنے ساتھی تگیا خان کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہے تھے۔ راستے میں نامعلوم افراد کی جانب سے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پر موٹر سائیکل چڑھنے سے دھماکا ہوا اور دونوں شدیدز خمی ہوگئے۔ زخمیوں میں حفیظ اللہ بعد ازاں دم توڑ گئے۔ ایک اور واقعہ نصیرآباد سے ملحقہ بختیار آباد میں پیش آیا جہاں ایکسیویٹر مشین بارودی سرنگ پر چڑھ گیا جس سے دھماکا ہوا تاہم ڈرائیور عبدالسلام مندوخیل محفوظ رہا۔