کوئٹہ: کوئٹہ میں گیس دھماکوں کے دو مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حاجی غیبی روڈ پر واقع گھر میں گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں طارق بٹ موقع پر جاں بحق جبکہ حق داد ولد لعل محمد ناصر سکنہ پشتون آباد جھلس کر زخمی ہوگیا۔ دھماکے سے مکان کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دوسرا واقعہ جان محمد روڈ پر پیش آیا جہاں ایک کمرے میں گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا۔ دھماکے کے باعث امجد محمود جھلس کر زخمی ہوگیا ۔ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ڈاکٹروں کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پہلے واقعہ میں جاں بحق ہونیوالا طارق بٹ اور حق داد مستری کا کام کرتے تھے اور ایک کمرے پر مشتمل مکان مشترکہ طور پر کرایے پر لیا تھا۔