|

وقتِ اشاعت :   November 30 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبائی حکومت توانائی سمیت دیگر شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں اور دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ منصوبہ سازی کے لیے تیار ہے، بلوچستان وسیع و عریض رقبہ اور توانائی کے بے پناہ متبادل ذرائع کا حامل صوبہ ہے، جس سے سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیڈین سولر کمپنی کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جس نے کمپنی کے سینئر ایڈوائزرڈیوڈایرنبرگ (Mr. David Arenburg) کی قیادت میں ان سے ملاقات کی، وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے وفد کو صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے موجود مواقعوں اور امکانات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم بھی چین کی طرز پر اپنے رقبے اور توانائی کے متبادل ذرائع کو بروئے کار لا کر سرمایہ کاری کا فروغ چاہتے ہیں جس کے لیے سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے صوبے اور یہاں کے عوام کی ترقی کے ہر منصوبے کا خیر مقدم کریں گے، جن سے یہاں کے عوام کا معیار زندگی بہتر اور صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہو سکیں، اس موقع پر وفد کی جانب سے بلوچستان کے مختلف شعبوں بالخصوص توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا، وفد کے سربراہ نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان کی کمپنی مختلف ممالک میں شمسی توانائی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور بلوچستان میں بھی سولر فارم کے قیام میں سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس میں سولر پمپ بمعہ ایریگیشن کے جدید نظام کی تنصیب بھی شامل ہے، جسے مکمل طور پر کمپیوٹر کے ذریعے کنٹرول کرنے کی صلاحیت موجود ہوگی، اس موقع پر وائس چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ نے وفد کو بلوچستان کے قدرتی وسائل سمیت دیگر اہم تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک فوج کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے، اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے پاک فوج کے نئے سربراہ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا شمار پاک فوج کے بہترین جنرلز میں ہوتا ہے اور یقیناًوہ وطن عزیز کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی جیسے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اپنی بھرپور صلاحتیں بروئے کار لائیں گے۔ جس کے لیے پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں، وزیراعلیٰ نے پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل راحیل شریف کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف جو کامیابیاں حاصل کیں ہیں وہ تاریخ کا اہم باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان کی ان کامیابیوں کو سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب پاک فوج کی روشن روایات کی امین ہے۔