|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2016

کوئٹہ : بلوچستان ایگزامینشن اینڈ اسسمنٹ کمیشن کے زیر اہتمام جماعت پنجم کے بورڈ کے امتحان کا آج ہونیوالا پیپر جمعہ کی شام ہی آؤٹ ہو گیا جس سے والدین اور طلبا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے تفصیلات کے مطابق بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجم اور ہشتم کے امتحانات ایگزامینشن اینڈ اسسمنٹ کمیشن کے زیر اہتمام منعقد کئے جا رہے ہیں اس حوالے سے جہاں پہلے ہی والدین اور ننھے طلبا کو کئی شکایات و تحفظات ہیں وہیں دوسری طرف ہفتے کو ہونیوالا معاشرتی علوم کا پیپر جمعہ کی رات گئے آؤٹ ہو گیا۔ اور سوشل میڈیا میں اس کی کاپی شئیر کی جاتی رہیں اور بعض فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر رات گئے تک اس کی فروخت ہو تی رہی۔ صورتحال کا علم ہونے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کوئٹہ نے پنجم بورڈ سٹینڈرڈ امتحانات 2016ء معاشرتی علوم کا پیپر آؤٹ ہونے پرسخت ایکشن لیتے ہوئے تمام سپرنٹنڈنٹس سینیٹرز کو ہدایت کی ہے کہ آج معاشرتی علوم کا پرچہ منسوخ ہوچکا ہے لہٰذا تمام سپرنٹنڈنٹس صاحبان سیل لفافہ (معاشرتی علوم)اپنے ہمراہ لیکر دس بجے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے دفتر میں رپورٹ کریں انہوں نے کہاکہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ معاشرتی علوم کا پیپر کہاں سے آؤٹ ہوا لیکن ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اورفوری طورپر محکمہ تعلیم کے افسران پرمشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے جواس عمل کے تہہ تک پہنچنے کیلئے تمام ذرائع استعمال کریں گے انہوں نے کہاکہ اس عمل میں کوئی بھی محکمہ تعلیم کا اہلکار یاسپرنٹنڈنٹ ملوث پایاگیا اس کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی لہٰذا آج دس بجے تک تمام سپرنٹنڈنٹس صاحبان ای ڈی او آفس میں پیش ہوکر اپنے سیل شدہ سوالیہ پرچے کالفافہ تصدیق کرانے کیلئے پیش ہوں۔ معاشرتی علوم کے اس منسوخ شدہ پیپر کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔