کراچی: سماجی رہنماء واحد بلوچ چارماہ بعد بازیاب ہوگئے، واحد بلوچ 26 جولائی 2016ء کو لاپتہ ہوگئے تھے جو 5 دسمبر 2016ء کوکراچی کے علاقے سپر ہائی وے سے بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے،واحد بلوچ کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ واحد بلوچ کی بازیابی سے بے حد خوش ہیں انہوں نے انسانی حقوق ،سول سوسائٹی سمیت انسان دوست تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان سب کی جدوجہد سے واحد بلوچ کی بازیابی عمل میں آئی ہے جب سے واحد بلوچ لاپتہ تھے گھر میں ماتم کا سماں تھا مگر اس کی بازیابی کے بعد ہم اپنی خوشی کو بیان نہیں کرسکتے ۔ایچ آرسی پی کے رہنماء اسد اقبال بٹ نے واحد بلوچ کی رہائش گاہ پر ’’روزنامہ آزادی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ واحد بلوچ کی بازیابی ملکی نظام کی بہتری جانب ایک اہم پیشرفت ہے واحد بلوچ کی بازیابی اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ ملکی نظام میں ایسے افراد آج بھی موجود ہیں جو انسانی درد رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ واحد بلوچ کی بازیابی سے لاپتہ افرادکے متعلق جدوجہد کرنے والی تنظیموں کا مورال بلند ہوا ہے اور یہی امید کرتے ہیں کہ دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی جلد عمل میں لائی جائے گی جس سے ملک اور جمہوریت کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ واحد بلوچ کی بازیابی کیلئے ہم سب نے ملکر جدوجہد کی جس میں انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت سول سوسائٹی، وکلاء، صحافی اور بائیں بازو کی سیاست کرنے والے پیش پیش رہے ۔ اسداقبال بٹ نے کہاکہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اورہم انسانی حقوق کیلئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اسداقبال بٹ واحد بلوچ کی بازیابی کے موقع پر خوشی سے آبدیدہ بھی ہوئے۔ واحد بلوچ کی رہائش گاہ لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں رشتہ داروں،اہلِ محلہ ،انسانی حقوق کی تنظیموں ،سیاسی، سماجی ،سول سوسائٹی سمیت دیگرلوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن کی خوشی قابل دید تھی اس دوران لوگ آبدیدہ بھی نظرآئے۔