|

وقتِ اشاعت :   December 11 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں مزید بارش کا امکان ہے۔ ہفتہ کی علی الصبح کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جو وقفے وقفے تک دوپہر تک جاری رہی۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق کوئٹہ میں ایک سے دو ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔بارش کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔گرم کپڑوں کا استعمال بھی بڑھ گیا۔ کوئٹہ کے علاوہ پشین، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ ،کان مہترزئی، قلعہ عبداللہ اور چمن میں بھی بارش ہوئی۔ کان مہترزئی کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی ہوئی جبکہ چمن میں کوژک ٹاپ پر بارش کے باعث پھسلن سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت تین اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14سینٹی گریڈجبکہ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت12ریکارڈ کیا گیا۔