|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2016

گوادر: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کے درمیان منگل کے روز یہاں ملاقات ہوئی،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض بھی اس موقع پر موجود تھے، انتہائی خوشگوار ماحول میں کافی دیر جاری رہنے والی اس ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور سی پیک کی سیکورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ بلوچستان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک فوج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، جبکہ انہوں نے بلوچستان میں امن کے قیام کے حوالے سے پاک فوج کے کردار اور تعاون کو سراہا، پاک فوج کے سربراہ نے یقین دلایا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاک فوج کا بھرپور تعاون جاری رہے گا۔ دریں ثناء زیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان ، پاک نیوی کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ اور چین کے سفیر مسٹر سن وائی ڈانگ (Mr. Sun Weidong) سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں، جن میں سی پیک کے منصوبوں اور سیکورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ جو پاک نیوی کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے لیے گوادر میں موجود ہیں نے انتہائی مصروف دن گزارا ، وزیراعلیٰ نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سی پیک کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ بھی اجلاس میں شریک تھے جبکہ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی اور ڈی جی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر سجاد بلوچ کی جانب سے اجلاس کو ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ، وزیراعلیٰ نے جی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے سی پیک کے منصوبوں پر پیش رفت کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وہ اس حوالے سے وزیراعظم محمد نواز شریف سے بھی بات کریں گے، بالخصوص گوادر میں پانی کے منصوبوں اور گوادر ماسٹر پلان پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کے لیے جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (JCC) کے چین میں آئندہ منعقد ہونے والے اجلاس میں بھی وہ ان منصوبوں کو زیر بحث لائیں گے تاکہ سی پیک کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے، دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر شہر اور سوڑ ڈیم کا فضائی جائزہ بھی لیا، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پولیس احسن محبوب، سیکریٹری پی ایچ ای اور کمشنر مکران ڈویژن بھی ان کے ہمراہ تھے، سیکریٹری پی ایچ ای نے وزیراعلیٰ کو سوڑ ڈیم سے گوادر تک پائپ لائن کی تنصیب کے منصوبے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے سوڑ ڈیم سے گوادر کو پانی کی فراہمی کا آغاز کیا جائے، بعدا زاں وزیراعلیٰ نے سنگھار ہاؤسنگ اسکیم کا معائنہ بھی کیا۔