کوئٹہ: لورالائی میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی کا رروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ، ملزمان کے 6 مورچے بھی مسمار کر دیئے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔ڈیرہ مراد جمالی ، موسیٰ خیل اور بارکھان میں ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے سترہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لورالائی زاہد افاق کی سر براہی میں پولیس اور اے ٹی ایف کے عملے نے اشتہاری ملزمان کے گھروں پر چھاپے مار کر بڑی مقدار میں اسلحہ اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا برآمد ہونیوالے اسلحے میں ایک ایس ایم جی، ایک رائفل اور 150 مختلف اقسام کے راؤنڈ، ایک دوربین،22 میگزین ،1 ٹریکٹر، 1 جعلی ٹوڈی اور 2 موٹرسائیکل قبضے میں لے لئے ہیں پولیس نے کا رروائی کے دوران6 مورچوں کو بھی مسمار کر دیئے۔دریں اثناء لورالائی کی تحصیل دکی کے علاقے غریب آباد میں اے ٹی ایف اور پولیس نے اشتہاری ملزم عبدالمالک کی گرفتار ی کے لئے اس کے گھر پر کا رروائی کی اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں اے ٹی ایف اہلکار اسد اللہ زخمی ہو گیا ۔ادھر ڈیرہ مراد جمالی میں ایف سی اور حساس ادارے نے گوٹھ غلام رسول کے مقام پر کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے تین رائفلیں برآمد کی گئی جبکہ قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ میں سرچ آپریشن کے د وران پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دو سب مشن گنز برآمد کی گئیں۔ علاوہ ازیں بارکھان کے علاقے نساؤ میں ایف سی اور حساس اد ارے نے آٹھ مشتبہ ا فراد کو گرفتار کرکے سات موٹر سائیکلیں، تین دوربینیں ،ایک وائر لیسٹ سیٹ برآمد کیا۔