کوئٹہ: کوئٹہ کے سول اسپتال سے سرکاری ادویات چوری کرنے والے اسپتال کے دو ملازمین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان ادویات چرا کر نجی اسپتالوں اور کلینکس کو کوڑے کے دام فروخت کرتے تھے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال ڈاکٹر فرید سمالانی کے مطابق جمعرات کو سول اسپتال کے پرنس روڈ سے ملحقہ گیٹ پر تعینات پولیس حوالدار سعیدنے سول اسپتال کے دو ملازمین عمران یونس اور شاہ زیب بھوٹا کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ موٹر سائیکل پر ادویات چرا کر اسپتال سے باہر نکلنے کی کوشش کررہے تھے۔ دونوں ملازمین سے تھیلے میں بھرے 54عدد سرکاری مہر لگے انٹی بائیٹک انجکشنز ملے ۔ ایم ایس سول اسپتال کے مطابق ملزمان میں ایک نیفرولوجی ڈیپارٹمنٹ جبکہ دوسرا ایکسرے روم میں خاکروب ہیں جنہیں معطل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ملزمان نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ انہیں یہ ادویات نیفرولوجی ڈیپارٹمنٹ کے وارڈ بوائے صدام نے دیئے جنہیں وہ باہر لے جاکر بروری روڈ پر واقع نجی کلینک کو تین سو روپے کی بجائے صرف پچاس روپے میں فی انجکشن کے حساب سے فروخت کرتے تھے۔ ملزمان نے بتایا کہ وہ دو سے تین مرتبہ پہلے بھی اسپتال سے سرکاری ادویات چوری کرکے فروخت کرچکے ہیں۔ دونوں ملزمان کو سول لائن تھانے منتقل کرکے ان کے خلاف آر ایم او سول اسپتال ڈاکٹر نور اللہ موسیٰ خیل کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ جبکہ ملزمان کی نشاندہی پر چوری میں ملوث باقی افراد کی گرفتاری کیلئے بھی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔