کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے تربت ، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں سرچ آپریشنز میں ایک شخص ہلاک ، جبکہ تیرہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ و بارود برآمد کرلیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق تربت کے علاقے مند میں سورو کے مقام پر ایف سی اور حساس ادارے نے سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کا ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے دوعدد بارہ بار رائفلیں ، چار میگزین ، ایک پستول بمعہ چھ کارتوس اور دو دوربینیں برآمد کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت ظہور احمد ولد شگراللہ سکنہ مند سورو کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ کا رکن تھا۔ ملزم کو آپریشن کیدوران گرفتار کیا گیا تاہم فرار کی کوشش میں وہ مارا گیا۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں کھنڈور اور پیر سہری کے مقام پر ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی میں کالعدم تنظیم کے تین کیمپوں کو تباہ کردیا۔ کارروائی کے دوران دو شرپسندوں کو گرفتار کرکے پچیس کلو سفید دھماکا خیزمواد، پانچ کلو اعلیٰ معیار کا دھماکا خیز مواد، 101عدد AG17 گرنیڈ، 35 میٹر ڈیٹونیٹک کارڈ تار، ایک راکٹ فیوز برآمد کیا گیا۔ تیسری کارروائی کوہلو کے علاقے مخمار اور ڈل میں کی گئی جہاں سے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کارروائی کے دوران ایک عدد 107ایم ایم میزائل، دو مارٹربم اور دو عدد بارودی سرنگیں برآمد کی گئیں۔