|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2016

کوئٹہ+پنجگور : ایرانی بارڈر فورس نے پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں مارٹر گولے داغے جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی باشندہ جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔اسسٹنٹ کمشنر تحصیل پروم پنجگور عبداللہ کھوسہ کے مطابق ایرانی بارڈر فورس نے اتوار کی صبح تقریباً گیارہ بجے پاکستانی حدود کی جانب یکے بعد دیگرے نو مارٹر گولے داغے۔ مارٹرگولے پاکستانی حدود کے پانچ سے سات کلو میٹر اندر تحصیل پروم کے سرحدی گاؤں نکرمیں گرے۔ ایک مارٹرگولہ ایک گاڑی کو لگا جس کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار ایک پاکستانی باشندہ عبدالخالق ولد ابراہیم سکنہ وشبود پنجگور جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق لاش اور زخمی کو لینے کیلئے جانیوالے رشتہ داروں کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکر اگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں لاش اور دونوں زخمیوں نوید اور نواز کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا۔ پنجگور کی ضلعی انتظامیہ نے سرحدی خلاف ورزی کا معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھانے کیلئے وزارت داخلہ بلوچستان کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ یاد رہے کہ ایرانی فورسز کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے۔ سالانہ درجنوں خی تعداد میں فائرنگ اور مارٹر گولے داغنے اور فضائی حدود میں جاسوس طیاروں کی آمد جیسی سرحدی خلاف ورزیوں کے واقعات پیش آتے ہیں۔ رواں سال مئی میں ایرانی فورسز نے پاکستانی حدود میں گھس کر ضلع واشک کے علاقے سے پانچ پاکستانی باشندوں کو اپنے ہمراہ لے گئی تھی۔