|

وقتِ اشاعت :   December 19 – 2016

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پولیو کی صورتحال تسلی بخش ہے متعلقہ محکمے ، ادارے رضاکار اور ضلعی انتظامیہ پولیو کے مکمل تدارک کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں صوبہ کو پولیو سے پاک کرنے کا ہدف حصول کے قریب ہے جس کی تائید عالمی ادارہ صحت اور یونیسف نے بھی کی ہے۔ جو صوبائی حکومت کی پولیو سمیت صوبے کے دیگر دیرنیہ مسائل کے حل کے لئے کامیاب حکمت عملی اور شاندار کارکردگی کا مظہر اور ہمارے لئے باعث حوصلہ ہے۔ صوبے کے 30اضلاع میں پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ متعلقہ اداے اور محکمے اپنی کارکردگی کو بر قرار رکھتے ہوئے بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے پلانے کے مقرر کردہ حدف کا حصول یقینی بنائیں گے بالخصوص صوبے کے دور دراز علاقوں کے بچوں تک رسائی ممکن بنائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ پولیوکے خاتمے کا حصول ٹیم ورک کا نتیجہ ہے پولیو مہم کے دوران مانٹرنگ کاجامع نظام ، خلوص نیت سے فرض کی ادائیگی اور پولیو ٹیموں کو تحفظ اور وسائل کی فراہمی جیسے عوامل پولیو مہم کی کامیابی کی بنیاد بنتے ہیں۔ جس کے لئے چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ محکمہ صحت ، عالمی ادارہ صحت ، یونیسف، ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور پولیو ٹیم کا ایک ایک رضا کار مبارکباد کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ والدین ، علماء کرام ، سیاسی و قبائلی عمائدین اور بلدیاتی اداروں کے اراکین کا قابل قدر تعاون بھی ہمارے ساتھ جس کے لئے ہم ان کے بھی مشکور ہیں، وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون بر قرار رکھتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیوویکسین ضرور پلائیں تاکہ ہم اپنی نئی اور آئندہ نسل کو ایک صحت مند مستقبل فراہم کر سکیں ۔ معاشرے کا ہر فرد ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔ لہذا پولیو جو کہ ایک معاشرتی چیلنج بھی ہے سے نمٹنے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو آگے بڑھ کر اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ اسی میں صوبے کی کامیابی اور نیک نامی ہے۔