|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2016

کراچی : وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سنیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مزدوروں اور طلباء کو آگے آنا ہوگاتاکہ ان کے ذریعے سے ملک کی سیکولر جماعتیں ایک مخصو ص سوچ کو تبدیل کرسکیں جس کی وجہ سے دھشت گردی اور دیگر خرابیاں پیدا ہوئی ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو پی ایم اے ہاؤس میں نیشنل پارٹی کی جانب سے کیوبا کے رہنما فیڈل کاسترو کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے فیڈرل کاسترو کی مزدوروں اور طلباء کے ساتھ ملکر کی جانے والی جد و جہد پر روشنی ڈالی، انھوں نے کہا کہ فیڈل کاسترو نے امریکی سامراج کے خلاف جسطرح سے غریب طبقات کے ساتھ ملکر جدوجہد کی ان کانام ہمیشہ تاریخ میں زندہ رہے گا۔ وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھی سیکولر جماعتوں کو ایک خاص سوچ کے خاتمے کے لئے طلباء مزدوروں اورمظلوم طبقات کو منظم کرکے فیڈل کاسترو کے انداز میں کام کرنا ہوگا۔انھوں نے کہاکہ پاکستان میں غریب اور مظلوم طبقات کو انصاف میسر نہیں ہے اور مزدوروں کی حالت ابتر ہے ، انھوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ملک گیر پارٹی کے طور پر خود کو منظم کر رہی ہے اور یہ جمہوری اور سیکولر جماعتوں کو ساتھ ملاکر ملک کے مظلوم طبقات کے مسائل کے حل کے لئے جد و جہد کر رہی ہے۔اس موقع پر تقریب سے سندھ نیشنل پارٹی کے رہنماؤں رمضان میمن، حبیب بلوچ، حمید انجینئر، فرحت پروین اور دیگر نے خطاب کیا۔