ڈیرہ اللہ یار : سابق وزیر اعظم و بزرگ سیاستدان میر ظفراللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے نام پر سیاست کرنے والے ن لیگ سے مخلص نہیں وہ عوام سے کیسے مخلص ہو سکتے ہیں نصیرآباد ڈویژن کی سطح پر اتحاد بنانے کے دعویداروں نے پانی دیکھا نہیں پہلے کپڑے اتار لئے ہیں سچائی اور بدقسمتی تو یہ ہے کہ اب ایمانداری کی سیاست ختم ہو چکی ہے ہم نے ہمیشہ عوام کے مفاد میں دیرپا اور سنجیدہ فیصلے کئے ہیں اللہ کے بعد اپنے حلقے کے اتحادیوں اور عوام پر مکمل اعتماد اور بھروسہ ہے کسی کے پریشر میں آنے والا نہیں سیاست عزت دینے اور لینے کا نام ہے لیکن مفاد پرست سیاستدانوں نے اسے اپنا روزگار بنا لیا ہے نصیرآباد ذوالفقار علی بھٹو نے بنایا اور اس کی تعمیر و ترقی میں ہم سب نے حصہ ڈالا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے روجھان جمالی میں مقامی صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ جعفرآباد، صحبت پور اور نصیرآباد کے نام پر لیگی قیادت اور عوام کو دھوکہ دینے کیلئے ایک نام نہاد اتحاد کا شوشہ چھوڑکر بلوچستان ا سمبلی کی دو نشستوں کو بچانے کی فکر میں لگے ہوئے ہیں ن لیگ کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ اور ن لیگ کی قیادت ہی آنیوالے انتخابات میں ٹکٹوں کے تقسیم کا فیصلہ کرے گی میر ظفراللہ خان جمالی نے انکشاف کیاکہ ن لیگ کی رٹ لگانے والوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 267کچھی جھل مگسی کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کو کس طرح سپورٹ کیا جو اپنے جماعت سے مخلص نہیں وہ اپنے علاقے اور عوام کا بھلا کیسے سوچیں گے انہوں نے مزید کہا کہ ان نو دولتیوں کو نصیرآباد ڈویژن کے محرومیوں کا اندازہ اب ہوا جب اپنی نشستوں سے ہاتھ دھونے پڑ رہے ہیں انہوں نے پہلے اپنے حلقے اور عوام کیلئے کونسے کارنامے سرانجام دئے جو اب عوام کا غم انہیں کھائے جا رہا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ سیاست پر سب کا حق ہے مگر اپنے عوام کو کسی طور آزمائش میں نہیں ڈال سکتے نصیرآباد میں ایک جانب مگسی سرداری ہے تو دوسری جانب عمرانی سرداری جعفرآباد میں جمالی اور صحبت پور میں کھوسہ قبیلہ ہے تاہم اس نام نہاد اتحاد میں کون کونسے لوگ شامل ہوئے ہیں؟ اب بھی بہت سے قبائل اور اہم شخصیات اس اتحاد سے دور ہی نظر آ رہے ہیں اس اتحادمیں چند شریف لوگوں کو سبز باغ دکھائے گئے ہیں اور میں انہیں باور کراتا ہوں کہ یہ لوگ دھوکہ کھا جائیں گے کیونکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے سیاسی کورآڈینٹر کی جانب سے تردیدی بیان بھی سامنے آ چکا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے خان نبی بخش خان کھوسہ میر شاہ نواز خان شاہلیانی جیسے تونگر اور عظیم شخصیات کے ساتھ بھی انتخابات میں حصہ لیا ارے بھائی اتنی بھی تیزی نہ دکھائیں کہ گرنے کا خدشہ پیدا ہو آئندہ انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ انتخابات میں اپنے اتحادیوں اور ووٹرز کی مشاورت کو اہمیت دی ہے اور آنیوالے انتخابات میں عوام کی مشاورت کے بعد ایسے حصہ لیں گے کہ سب دیکھتے رہ جائیں گے ان کا مزید کہنا تھا کہ صحبت پور نصیرآباد اور جعفرآباد میں گیس پانی بجلی اور سڑکوں کی سہولیات کے علاوہ نوجوانوں کو روزگار کے موقع ہم نے فراہم کئے ان لوگوں سے تو ان سڑکوں کی مرمت بھی نہیں ہو سکی