|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کی پلی بار گین کی درخواست عدالت میں جمع کرادی گئی۔نیب ترجمان کے مطابق مشتاق احمد رئیسانی نے چند ہفتے قبل نیب کو پلی بار گین کی درخواست دی تھی۔ نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ نے ایک ہفتہ قبل درخواست منظور کرلی تھی۔ نیب نے سابق سیکریٹری خزانہ کی پلی بار گین کی درخواست حتمی منظوری کیلئے کوئٹہ کی احتساب عدالت میں جمع کرادی۔ عدالت درخواست کو منظور کرنے یا نا کرنے کا فیصلہ کرے گی۔ عدالت نے ملزم مشتاق رئیسانی اور نیب کے تفتیشی آفیسر کو پیر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ مشتاق رئیسانی کو رواں سال مئی میں نیب نے دو ارب روپے سے زائد کے کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا۔ ان کے گھر سے پینسٹھ کروڑ روپے سے زائد کی نقدی اور زیورات بھی برآمد کئے گئے تھے۔