کوئٹہ+چھتر: کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں پولیس سب انسپکٹر سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے، واقعہ کلی شابو میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سواروں نے سب انسپکٹر حبیب اللہ اور عبدالوحید کو گولیوں کا نشانہ بنایا، میکانگی روڈ سے بھی ایک شخص کی لاش ملی، چھتر میں نامعلوم افراد نے دو راکٹ فائر کئے، جبکہ درگاہ سخی ابراہیم شاہ کے ٹرانسفارمر کو فائرنگ کر کے اڑا دیا گیا،تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں پولیس سب انسپکٹر سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جناح ٹاون تھانے کی حدود میں کلی شابو میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے ایک گاڑی پر اندھادھند فائرنگ دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس سب انسپکٹر حبیب اللہ ولد حاجی معصوم بادیزئی سکنہ پشتون آباد کوئٹہ اور ان کا دوست عبدالوحید ولد سلیم خان یوسفزئی سکنہ ارباب غلام علی روڈ کوئٹہ شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا جہاں دونوں افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ سول اسپتال کے پولیس سرجن ڈاکٹر علی مردان نے بتایا کہ حبیب اللہ کو سر،سینے ،گردن اور دونوں بازؤں پر دس سے زائد گولیاں ماری گئیں جبکہ وحید خان کو سینے اور بازو میں تین گولیاں لگی ہیں۔ پولیس کے مطابق سب انسپکٹر حبیب اللہ بلوچستان یونیورسٹی تھانے میں تعینات تھے جبکہ عبدالوحید نجی سکول کے ڈائریکٹر بتائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال صرف کوئٹہ میں پولیس کے ایک سو تین اہلکار بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق اور ایک سو ساٹھ سے زائد زخمی ہوئے تھے،کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ سے ایک شخص کی لاش ملی جسے شناخت کیلئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا مزید کارروائی کی جارہی ہے ،تحصیل چھتر کے مرکزی شہر چھتر و گردو نواح میں موجود دیہات کے حالات مزید سنگین صورتحال اختیار کرتے جا رہے ہیں ۔ حالیہ بد امنی کی جاری لہر نے لوگوں کو گھروں تک محصور کر دیا ہے ۔ شب گذشتہ اور دن کو بھی صورت حال سنگین رہی ۔ چھتر شہر پر نامعلوم افراد نے اندھادھند فائرنگ کے علاوہ راکٹ کے گولے بھی داغے اس کے ساتھ چھتر کے قریب موجود بزرگ ہستی کی درگاہ کے ٹرانسفارمر کو بھی فائرنگ کر کے اڑا دیا گیا ۔ علاوہ ازیں چھتر کے قریب طاہر کوٹ کے مقام پر بارودی سرنگ بھی بچھائی گئی ۔ تاہم اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ کر دیا گیا ۔ جس کے سبب لوگوں میں شدید خوف وحراس پایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق مزید بارودی سرنگوں کے بچھائے جانے کا خدشہ موجود ہے ،دریں اثناء سکیورٹی فورسز نے ضلع جعفرآباد کی تحصیل چھتر کے علاقے طاہر کوٹ میں مسلسل تیسرے روز تخریب کاری کا منصوبہ نا کا م بنا تے ہوئے سڑک کنارے نصب با رودی سرنگ کو بر وقت برآمد کر کے نا کارہ بنا دیا۔بارودی سرنگ شہریوں اور فورسز کے قا فلوں کو نشانہ بنا نے کے غرض سے نصب کی گئی تھی مزیدکاروائی جاری ہے