|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2017

کوئٹہ: مستونگ میں دس سالہ بچے نے شہر کو تباہی سے بچالیا۔ بچے کی نشاندہی پر پولیس نے سڑک کنارے نصب بارہ کلو وزنی بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیا۔ پولیس کے مطابق مستونگ کے مصروف علاقے عدالت روڈ پر سڑک کنارے مشکوک چیز دیکھ کر ایک دس سالہ بچے نے اپنے والد کو اطلاع دی۔ بچے کے والد نے پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بلالیا۔ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ لوہے کے پائپ میں موجود مشکوک چیز بم ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بارہ کلو وزنی ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم کو ناکارہ بنادیا۔ پولیس کے مطابق دہشتگرد ضلعی پولیس سربراہ یا ضلعی عدالت کے جج صاحبان سمیت کسی اعلیٰ پروفائل کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جو روزانہ اس راستے سے گزرتے ہیں۔ دہشتگردوں نے بم سڑک کنارے اسپیڈ بریکر کے ساتھ نصب کر رکھا تھا۔ بم چھ انچ قطر کے ڈیڑھ فٹ لمبے پائپ میں چھپا رکھا تھا اور اس میں بال بیرنگز کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔ دھماکے کی صورت میں بڑی تباہی مچ سکتی ہے۔