|

وقتِ اشاعت :   January 11 – 2017

دالبندین : چاغی میں سعودی اور واشک میں قطری شہزادوں کے شکار کھیلنے کیخلاف محمدحسنی قبائلی کے قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنا ، ٹریفک بلاک ، شدید نعرے بازی، تفصیلات کے مطابق محمدحسنی قبائل کے زمینداروں وسرکردہ رہنماؤں میر احمدمحمدحسنی ، ملک محمد سلیم محمدحسنی، سنگت ثناء بہادری ، بلال محمد حسنی اور دیگر نے روغاپ کے مقام پرآر سی ڈی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک بلاک کر دی جس کی وجہ سے کوئٹہ سے تفتان اور دالبندین جانے والی مسافر کوچز، ٹرالرز اور دیگرچھوٹیبڑی گاڑیاں کھڑی رہیں، اس دوران احتجاجی مظاہرہ کر کے نعرے بازی بھی کی گئی ، میر احمد محمدحسنی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاغی میں سعودی اور واشک میں قطری شہزادوں کے شکار کھیلنے کی وجہ سے زمیندار اور مالدار بری طرح سے متاثر ہو چکے ہیں، مقامی لوگوں کو سخت خدشات کا سامنا ہے، سعودی شہزادہ عرصہ دراز سے چاغی میں شکار کھیل رہا ہے مگر علاقے کے عوام کیلئے کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا، اس طرح واشک میں قطری شہزادوں کے نمائندوں نے مقامی لوگوں کو نظرانداز کر کے دوسرے اضلاع سے لوگوں کونواز رہے ہیں مالدار اور زمیندار سخت مشکلات سے دوچار ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر کی ایماء پر مقامی لوگوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا جارہا ہے، جسے ہم کسی بھی صورت برداشت نہیں کرسکتے ، انہوں نے کہا کہ علاقے کے زمیندار سینیٹر سردارفتح محمد حسنی کے ساتھ ہیں اور ان کی قیادت میں ضلع واشک اور چاغی کے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کریں گے، پہیہ جام ہڑتال کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز سمیت مسافروں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا رہا، تاہم دوپہر کے وقت قبائلیوں نے ہڑتال ختم کر کے سڑک کھول دی