کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اے این ایف نے کارروائیوں کے دوران اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔ اے این ایف حکام کے مطابق کارروائیاں کوئٹہ ،پشین اور قلعہ عبداللہ میں کی گئیں۔ پاک افغان سرحدی علاقے قلعہ عبداللہ کے علاقے چمن میں روغانی کے مقام پر اے این ایف کی کارروائی کے دوران ایک ہزار چھ سو چھ کلو ہیروئین اور تین ہزار پانچ سو دو کلو افیون برآمد کی گئی۔ قلعہ عبداللہ ہی کی تحصیل گلستان میں کارروائی کے دوران دس ہزار نو سو کلو سے زائد چرس برآمد کی گئیں جس کو اندرون ملک سمگل کر نے کیلئے زخیرہ کیا گیا تھا۔ ایک اور کارروائی ضلع پشین کی تحصیل سرانان میں کی گئی جس کے دوران پک اپ گاڑی سے ایک ہزار ایک سو پچہتر کلو ہیروئین برآمد کی گئیں جبکہ بشیر چوک کوئٹہ سے موٹر سائیکل سوار حیات اللہ گرفتار کر کے اس کے قبضے سے گیا رہ کلو چرس برآمد کی گئی۔ اے این ایف کے مطابق چاروں کارروائیوں میں پکڑی گئی منشیات کی مالیت اربوں روپے ہیں۔