کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے شہر چمن سے تعلق رکھنے والے 4ماہ کے بچے محمدعلی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہیں جس کے بعد سال 2016کے دوران بلوچستان میں پولیو کیسز کی تعداد2ہوگئی ہیں متاثرہ بچے کے بلڈ سمپلز 22دسمبر کو لئے جاچکے تھے ،پولیوایمرجنسی سینٹر کی جانب سے بھی بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے اس سلسلے میں ای پی آئی سینٹر کوئٹہ کے حکام کاکہناہے کہ چار ماہ کے بچے محمدعلی کاتعلق چمن کے یونین کونسل محمود آباد 2سے ہے جس کے دائیں پاؤں کو پولیو وائرس نے متاثر کیاہے ،ان کے مطابق گزشتہ سال بلوچستان میں پولیو کے کیسز کی تعداد 2ہوچکی ہے جبکہ ملک بھر میں اس کی تعداد20ہیں ،متاثرہ بچے کے والدہ کے مطابق بچے کو 2بار پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے تاہم بار بار پولیوورکرز کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی وجہ سے انہوں نے بچے کو قطرے نہیں پلائے تھے نہ ہی بچے کو حفاظتی ٹیکہ جات لگائے گئے ہیں ،چونکہ بچے کے خون سمپلز گزشتہ سال لئے گئے تھے اس لئے اس کیس کو سال 2016میں رپورٹ ہونیوالے کیس کیساتھ ہی شمار کیاجائیگا ،واضح رہے کہ بلوچستان میں پولیو کے حوالے سے حساس اضلاع پشین ،قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ میں پولیو وائرس کی سیوریج لائنوں میں موجودگی کی تصدیق کے بعد خصوصی پانچ روزہ مہم بھی چلائی گئی تھی جبکہ اس کے علاوہ ہر40روز بعد صوبے بھر میں پولیو مہم کے دوران بھی مذکورہ اضلاع میں پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاتے ہیں۔