|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2017

کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم افراد نے سیکورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چھ اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ایف سی اور حساس ادارے کے اہلکار پنجگور سے تقریبا نوے کلو میٹر دور گچک میں خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کرکے واپس آرہے تھے۔ راستے میں پہاڑ پر بیٹھے نامعلوم افراد نے چھوٹے ہتھیاروں سے فورسز کے قافلے پر حملہ کردیا۔ حملے کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔ چھ کلو میٹر کے فاصلے پر قافلے پر دوسری بار حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکاروں سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ دونوں واقعات میں مجموعی طور پر سات افراد زخمی ہوگئے جن میں ایف سی کے حوالدار رضا ، نائیک مصطفی ، نائیک نوید، سپاہی سر محمد ، سپاہی فہد اور حساس ادارے کے حوالدار محمد علی کے علاوہ ایک سویلین شخص اسلم شامل ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے کوئٹہ روانہ کریا گیا۔ فائرنگ سے ایف سی کی چار گاڑیوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔