|

وقتِ اشاعت :   January 29 – 2017

کوئٹہ: قلعہ سیف اللہ میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ حالیہ بارشوں سے اب تک مختلف حادثات میں جاں بحق افرادکی تعداد19ہوگئی۔ پی ڈی ایم اے نے کوئٹہ ڈویژن میں مزید بارش اور برفباری کی پیشنگوئی کے پیش نظر انتظامیہ اور شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی۔ تفصیل کے مطابق قلعہ سیف اللہ شہر میں واقع مستو خان نامی شخص کے کچے مکان کی چھت گر گئی۔ ملبے تلے دب کر مستو خان کی اہلیہ اور چار سالہ بیٹا سیف اللہ جاں بحق ہوگیا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے آئندہ 48گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ڈویژن سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس پیشنگوئی کے پیش نطر محکمہ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کوہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے گھروں کی چھتوں اور دیواروں کو مرمت کر لیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کنٹرول آفس کو اطلاع کریں۔ کچے مکانات کے مکینوں کو خاص طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چھتوں اور دیواروں کا خاص خیال رکھیں کیونکہ حالیہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات اب تک19افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور زیادہ تر اموات کچی دیواریں اور چھتیں گرنے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔