|

وقتِ اشاعت :   February 2 – 2017

گوادر:سید ظہور شاہ ہاشمی ڈگری کالج گوادر کے طالب علم سراپا احتجاج، سیرت النبی چوک تا گوادر پریس کلب تک ریلی ، نعرہ بازی اور خطاب، تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز گورنمنٹ سید ظہور شاہ ہاشمی ، ڈگری کالج گوادر کے طالب علم سراپا احتجاج ہو گئے ہیں، انہوں نے سیرت النبی ؐ چوک تا گوادر پریس کلب ریلی نکالی اور نعرہ بازی کرتے ہوئے گوادر پریس کلب پہنچے، جہاں انہوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے طالبعلم بالاچ قادر ،ارمان اکبر، نصیر نگوری اور جمال سید نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کا نعرہ لگانے والے گورنمنٹ سید ظہور شاہ ہاشمی ڈگری کالج کی حالت زار درست کرنے سے قاصر ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ کالج کے پرنسپل ڈیوٹی دینے سے قاصر ہے نااہل پرنسپل نے کالج کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، ان کی نا اہلی کی وجہ سے ڈگری کالج میں ابھی تک بی اے اور بی ایس سی کی کلاسوں کا آغاز نہ ہوسکا، کالج میں ابھی تک لیکچرار کی کمی کو پورا نہیں کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کالج کے فنڈز کالج اور طالب علموں پر خرچ نہیں ہورہے ہیں، کرپٹ پرنسپل نے پورابجٹ ہضم کرلیا ہے، نصابی سرگرمیاں کم ہیں اور ہم نصابی سرگرمیاں بھی معطل کر دی گئی ہیں، ستم ظریفی یہ ہے کہ ہر بڑے پروگرامات میں ڈگری کالج کے طالب علموں کو مدعو نہیں کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ کالج میں تعلیمی ماحول نہ ہونے کے برابر ہے، ہمارے سیاست دان انتظامیہ اور دیگر فائیو اسٹاف ہوٹل میں بیٹھ کر تعلیم کا نعرہ لگاتے ہیں، لیکن عملی طور پر وہ مسائل کواجاگرکرنے کیلئے لب کشائی کر نے سے قاصر ہیں وہ اپنے مفادات کیلئے سڑکوں پر نکلتے ہیں موجودہ کالج پڑھا لکھا ان پڑھوں کی کھیپ تیار کر رہا ہے جو کہ مزدوری کے سوا کسی کام نہیں آتے ہیں صرف ڈگریاں دی جاتی ہے تعلیم نہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ہمارے مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہم اپنے احتجاج کا دائرہ بڑھائیں گے