|

وقتِ اشاعت :   February 9 – 2017

کوئٹہ:آئی جی بلوچستان پولیس کے سخت ایکشن کے بعد ایس ایس پی لسبیلہ جعفر خان چارج چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ نئے ایس ایس پی محمد انور کھیتران نے چارج سنبھالتے ہی شہر میں تمام پولیس ناکے ختم کرادیئے۔ ایرانی تیل کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بھی اقدامات شروع کردیا۔ تفصیل کے مطابق ایس ایس پی لسبیلہ جعفر خان دو مرتبہ تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود چارج چھوڑنے پر تیار نہ تھے۔میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد آئی جی بلوچستان پولیس احسن محبوب ایکشن میں آگئے۔ نئے ایس ایس پی انور کھیتران کو راتوں رات لسبیلہ جاکر ہر صورت چارج سنبھالنے کا حکم دیدیا۔ انور کھیتران نے منگل کی شب فوری طور پر کوئٹہ سے لسبیلہ پہنچ کر چارج سنبھال لیا اور تمام ایس ایچ اوز کا اجلاس ایس ایس پی دفتر اوتھل میں بلایا۔ ایس ایس پی نے پہلا حکم شاہراہوں پرتمام ناکے ختم کرانے کا دیا۔ عوام نے پولیس ناکوں پررشوت ستانی کی شکایات کی تھیں۔ صرف کراچی کے قریب ایک چیکنگ پوائنٹ ہوگا۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں میں ایرانی تیل کی اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی گئی۔ دو ٹرکوں اور ایک شہ زور گاڑی کو قبضے میں لیکر چالیس ہزار لیٹر ایرانی اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کیا گیا۔ تینوں ڈرائیوروں نور بخش، میر احمد اور عبدالعزیز کے خلاف پٹرولیم ایکٹ کے تحت مقدمات بھی درج کئے گئے۔