|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2017

کوئٹہ:ایرانی بارڈر فورس نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ مارٹر گولے داغے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق جمعرات کو شام تین بجکر پینتالیس منٹ پر ایرانی بارڈر فورس نے پاکستانی حدود کی جانب یکے بعد دیگرے پانچ مارٹر گولے داغے۔ مارٹر گولے پاکستانی حدود کے دو کلومیٹر اندر ضلع پنجگور کی تحصیل پروم میں ایف سی پنجگور رائفلز کی پراگ کوہ چیک پوسٹ سے شمال میں تین کلو میٹر دور کھلے میدان میں گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پاکستانی سرحد کی حفاظت پر تعینات فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے بھی لائٹ مشین گن سے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد ایرانی فورسز کی توپیں خاموش ہوگئیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی خلاف ورزی کا معاملہ جوائنٹ بارڈر کمیشن میں ایرانی حکام کے ساتھ اٹھایا جائیگا۔