|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2017

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ، گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، وزیر صحت رحمت صالح، شیخ جعفر مندوخیل اور مشیر اطلاعات سردار رضا بڑیچ نے لاہور بم دھماکے کو بزدلانہ کارروائی اور ملک میں بدامنی پھیلا کر امن وامان کو تباہ اور ترقیاتی عمل کو سبوتاژ کرنے کیلئے سازش قرار دیتے ہوئے دھماکہ میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے اپنے بیان میں دہشت گردی کی اس بزدلانہ کاروائی میں سینئر پولیس افسران سمیت دیگر افراد کے شہید ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر دہشت اور وحشت کے ذریعے ملک میں بد امنی پھیلا کر امن و امان تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی عمل کو بھی سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں تاہم دشمن کے ان ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا جائیگا، جس کے لیے پوری قوم یک جہت اور متحد ہے اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے جاری کاروائیوں میں اپنی سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح پر عزم اور متحد ہیں اور بچے کچھے دہشت گردوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، وزیراعلیٰ نے شہید ہونے والے پولیس افسران اور دیگر افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء کرے جبکہ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے تعزیتی بیان میں گورنر نے دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے،صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے لاہور دھماکے کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ دہشتگرد ملک میں افراتفری پھیلا کے اپنے مزموم مقاصد حاصل کر نا چا ہتے ہیں مگر پاکستان کے غیور عوام کے عزم کو غیرمتزلزل کر نا ممکن نہیں شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ لاہور دھماکہ قابل مذمت عمل ہے جس میں اہلکاروں اور عوام کو نشانہ بنایا گیا شہداء کی قربانیاں پاکستان کی ترقی اور قیام امن کی جدوجہد میں مشعل راہ ثابت ہونگی مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اور شدت پسند اپنے غیر انسانی عوا مل سے ملک میں خوف ، وحشت پھیلانا چا ہتے ہیں مگر شاہد وہ اس امر سے نا اشنا ہے کہ جس سر زمین کے پاس شہید کیپٹن احمد مبین اورشہید زاہد اکرام گوندل جیسے سپوت ہو ں وہاں ان کے مقاصد کی تکمیل کسی صورت ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور فورسز مل کر دہشتگردوں کو شکست فاش سے دوچار کرینگے شہداء کے لواحقین کے غم میں شریک ہیں ان کے پیاروں کی قربانیاں ملک کی تاریخ میں سنہری حروف میں درج رہے گی،صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے اپنے جاری کر دہ بیان میں کہا ہے کہلاہور دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے پولیس اہلکاروں اور عوام کی قربانیاں کسی صورت رائیگا نہیں جائے گی مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان پنجاب کے ساتھ ہیں اور یہ دکھ پورے ملک کا دکھ ہے مگر ہم سب مل کر دہشتگردی کے ناسور کو ملک سے نکال باہر پھینکیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پیاروں کی قربانیاں فراموش نہیں کی جا سکتی ہمارے شہداء کا خون ہمارے لئے سرمایہ حیات ہیں اور انہیں کی قربانیاں پاکستان میں امن کی سورت اور طلوع کر نے کا باعث بننے گی،مشیر اطلاعات سردار رضا بڑیچ نے کہا کہ دہشت گرد اپنی ان بزدلانہ کاروائیوں سے دہشتگردی کے خلاف پاکستانی قوم کے متفقہ عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے ۔واقعہ میں زخمی ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے،صوبائی صدر صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے لاہور میں ہونیوالے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہیں دہشتگردوں کے عزائم کو کسی بھی صورت اب مزید کامیاب نہیں ہونے دینگے عوام متحد ہو کر موجودہ حالات کا مقابلہ کریں۔